مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانوی میڈیا نے ترکی میں قتل ہونے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی باقیات ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمال خاشقجی کا چہرہ مسخ کیا گیا ہے۔ برطانوی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل ہونے والے صحافی کی لاش قونصل جنرل کے گھر کے لان سے ملی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمال خاشقجی کی لاش کا چہرہ مسخ اور مکمل جسم ٹکڑوں میں ملا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوغان نے آج پارلیمنٹ سے خطاب میں سعودی صحافی کے حوالے سے کہا تھاکہ جمال خاشقجی کا قتل ہوا ہے تو پھر لاش کہاں گئی؟
واضح رہے کہ جمال خاشقجی کو 2 اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کیا گیا تھا۔
آپ کا تبصرہ